ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / معطل اراکین پارلیمنٹ کی بحالی اور اجے مشرا کےاستعفی کے لیے اپوزیشن کا مارچ

معطل اراکین پارلیمنٹ کی بحالی اور اجے مشرا کےاستعفی کے لیے اپوزیشن کا مارچ

Tue, 21 Dec 2021 20:47:42    S.O. News Service

نئی دہلی،21؍دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس، ڈی ایم کے، شیوسینا سمیت بڑی اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں نے آج لکھیم پور کھیری کیس میں وزیر مملکت برائے داخلہ کی برطرفی اور راجیہ سبھا کے اراکین کی معطلی کو منسوخ کرنے کے مطالبے پر پارلیمنٹ ہاؤس سے وجے چوک تک مارچ کیا۔

اپوزیشن کے ارکان نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمہ سے وجے چوک تک مارچ نکالا۔ ان جماعتوں کے لیڈروں نے گزشتہ ہفتے پارلیمنٹ ہاؤس سے وجے چوک تک مارچ بھی نکالا تھا۔ معطل ارکان سرمائی اجلاس کے آغاز میں معطل کیے جانے کے بعد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے دھرنا دے رہے ہیں۔

کانگریس لیڈروں نے کہا کہ لکھیم پور کھیری میں شہید ہوئے کسانوں کے اہل خانہ کو انصاف دلانے کے لیے ان کی لڑائی جاری ہے۔ اپوزیشن کے مارچ کی قیادت کرنے والی کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’ہمارا مطالبہ واضح ہے، وزیر اعظم کو اپنے چہیتے وزیر مملکت برائے داخلہ کو عہدے سے برطرف کرنا ہی ہوگا‘‘۔

قبل ازیں صبح کے وقت اپوزیشن کے ارکان نے راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر ملکارجن کھڑگے کے چیمبر میں میٹنگ کی، جس میں راجیہ سبھا ارکان کی معطلی کو منسوخ کرنے، لکھیم پور کھیری معاملے پر وزیر مملکت برائے داخلہ کے استعفیٰ کے مطالبے اور بقیہ سیشن کے لئے دونوں ایوانوں میں کام کاج کے مجموعی آپریشنز کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔


Share: